ٹنل فارمنگ ایک زرعی طریقہ کار ہے جس میں فصلوں کو موسمیاتی اثرات جیسا کہ بارش، دھُوپ، ژالہ باری اور برف باری وغیرہ اور فصلوں کو نُقصان پہنچانے والے کیڑوں سے بچا کر فصلوں کو قطاروں میں ڈھک کر اُگایا اور انکی افزائش کی جاتی ہے۔
بڑے پیمانے پر ٹنل فارمنگ گرین ہاؤسز میں کی جاتی ہے جہاں ایک مضبوط ڈھانچہ بنا کر نسبتاً ایک بڑے رقبے کو پلاسٹک کی شِیٹوں سے ڈھکا جاتا ہے اور اسکے اندر فصلوں کی افزائش کو کنٹرول کرنے کے لئے بجلی کی روشنیاں استعمال کی جاتی ہیں۔
ٹنل فارمنگ کی کئی ایک اقسام ہیں لیکن زیادہ تر دو اقسام کی ٹنل فارمنگ کو ہی استعمال میں لایا جاتا ہے لہذا ہم ان دو اقسام پر بات کرتے ہیں
کم اونچائی والی ٹنل فارمنگ: یہ ایک غیر منظم اور عارضی ڈھانچہ بنا کر فصلوں کو موسمیاتی اثرات سے بچانے کے لئے استعمال کیا جانے والا طریقہ ہے۔ اس طریقہ کار میں اُگیتی اور پچھیتی کاشت کی کانے والی فصلوں کو موسمیاتی اثرات سے بچایا جاتا ہے تاکہ انکی افزائش اور نشونم میں کمی نہ آۓ۔ اس قسم کی فارمنگ میں زیادہ تر بند گوبھی،پالک، گاجر اور مٹر کی کاشت کی جاتی ہے تاکہ ان سبزیوں کو انکے موسم سے پہلے یا بعد میں بھی حاصل کیا جا سکے۔ اس قسم کی فارمنگ میں درجہ حرارت اور روشنی وغیرہ کو کنٹرول نہیں کیا سکتا
اُونچائی والی ٹنل فارمنگ: اس طریقہ کار میں
ایک منظم ، اونچا اور مضبوط ڈھانچہ بنا کر اسکے اندرونی ماحول مثلاً روشنی اور درجہ حرارت کو کنٹرول کیا جاتا ہے تاکہ موسمی اور غیر موسمی دونوں اقسام کی سبزیوں کی کاشت اور افزائش کو یقینی بنایا جا سکے۔اس طریقہ کار میں فصل کو پانی دینے کے لئے ڈرپ ایریگیشن اور پانی کے چھڑکاؤ والے آلات کا استعمال کیا جاتا ہے تاکہ کم سے کم پانی استعمال کر کے بھرپُور پیداوار حاصل کی جا سکے۔ سائنس اور جدید آلات کو استعمال کرتے ہوئے انسان نے اس طریقہ کار میں بہت ترقی کی ہے جس سے فارم کے اندر ہوا میں نمی کا تناسب اور حتٰی کہ فارم کے اندر کی زمیں کی اُوپری سطح کا درجہ حرارت تک کنٹرول کیا جاتا ہے۔ سبزیوں کو اُگانے کے اسی طریقہ کار کی وجہ سے آجکل ہر قسم کی سبزیاں تقریباً سارا سال دستیاب ہوتی ہیں۔
ٹنل فارمنگ کے فوائد:
ماحول کو کنٹرول کرنے کی صلاحیت کی بدولت بھرپُور اور زیادہ پیداوار حاصل کی جاتی ہے۔
ایسی سبزیوں کی کاشت کو یقینی بنایا جاتا جو ٹنل فارمنگ کے علاوہ بہت مشکل سے پیداوار تک پہنچتی ہیں۔
کیڑے مکوڑوں اور پرندوں سے فصلوں کو بچاتی ہے جس سے فصلوں کو بیماری سے ہونے والے نقصانات بہت حد تک کم ہو جاتے ہیں۔
غیر موسمی فصلوں کے حصول سے کسانوں کو اپنی پیداوار کا اچھا معاوضہ ملتا ہے۔
اس طریقہ کار سے مقامی فصلوں کے سیزن کے دورانیہ کو بڑھا کر منڈیوں میں مقامی پیداوار لائی جاتی ہے جس سے ٹرانسپوٹ کے اخراجات کی بچت ہوتی ہے اور خوراک کی قیمتیں کم رہتی ہیں۔
غیر پیداواری زمینوں مثلاً بنجر زمینوں اور بہت زیادہ بارشی علاقوں میں ٹنل فارمنگ سے اپنی مرضی کی فصلوں کی پیداوار حاصل کی جا سکتی ہے۔
کھادوں، کیڑے مار ادویات اور پانی کی بچت سے کسانوں کے منافع میں اضافہ ہوتا ہے